مرتضیٰ سولنگی

الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں، مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مالی، انتظامی اورسکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہیں۔

جمعرات کو یہاں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے متعلق معاملات کا پی ٹی آئی ہی بہتر بتا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے، نگران حکومت آئینی اور قانونی حکومت ہے، ہم الیکشن کمیشن کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سکیورٹی ضروریات پوری کرنے کے آئینی طور پر پابند ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے مسائل حقیقی ہیں، ہمیں ان کا ادراک ہے، انہیں بہتر کریں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ملک میں سوال اٹھانے پر کوئی پابندی نہیں۔ انتخابات انشاء اللہ 8 فروری 2024ء جمعرات کو ہوں گے، 8 فروری کو پولنگ اسٹیشنز کے باہر عوام کی قطاریں نظر آئیں گی ۔

بعد ازاں نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ”پاکستان کے انتخابات 2024ئ،سیاسی جماعتوں کا اقتصادی اصلاحات کا ایجنڈا” کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کا سال ہے، انتخابات سے کچھ دن دور ہیں، عام انتخابات 8 فروری 2024ء کو ہوں گے۔ نگران وزیراطلاعات نے کہاکہ انتخابات کے انعقاد میں کسی کو کوئی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے انتخابات کی تاریخ دی،الیکشن کمیشن اپنے موقف پر قائم ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ واحد آئینی ادارہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہے جس نے شیڈول بھی دینا ہے، تاریخ بھی دینا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ اس میں کسی قسم کی تبدیلی کا اختیار کسی دوسرے ادارے کے پاس نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی مالی، انتظامی اور سیکورٹی ضروریات پوری کرنے کے پابند ہیں، ہم یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ بڑی سیاسی جماعتوں نے اس ملک کا معاشی مستقبل دینا ہے،سیاست معیشت اور معاشی مفادات کا ارتکاز ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ معیشت اور اقتصادیات کی بہتری وقت کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتوں کو ملک کی بہتری کے لئے وژن دینا چاہیے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ ہمارے اصل مسائل تعلیم، صحت، صنفی مساوات ہیں، ہمیں ملک کے مسائل پر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ سیاست پر کوئی پابندی نہیں لیکن ملک کے مستقبل پر سیاست نہیں ہونی چاہیے،ملک کی معاشی سمت پر سب کا اتفاق ہونا چاہیے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے،غیر منتخب لوگوں کے پاس اختیار نہیں کہ وہ ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ مستقبل کے حکمرانوں اور سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ حقیقت پسندانہ معاشی اصلاحات کا ایجنڈا لائیں، ایسے وعدے نہ کئے جائیں جن پر چلنا مشکل ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں