چیف الیکشن کمشنر

الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر فیصلے نہیں دینے، دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت دیں،چیف الیکشن کمشنر

اسلام آباد(عکس آن لائن) این اے 55راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں،چیف الیکشن کمشنر اور ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان نے کیس کی سماعت کی، این اے 55سے کامیاب امیدوار ابرار احمد کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،کامیاب امیدوار کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر این اے 55کا حتمی نتیجہ جاری کرچکا ہے، الیکشن کمیشن درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے، مزید تحقیقات کے لیے معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھجوایا جاسکتا ہے،وکیل بشارت راجہ نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی این اے 55سے بشارت راجہ جیت رہے تھے،

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے، دھاندلی اور نتائج ردوبدل کے الزامات لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں۔ وکیل بشارت راجہ نے کہا کہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45کھول کر دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،الیکشن کمیشن نے این اے 55راولپنڈی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں