اسلام آباد (عکس آن لائن )پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شعیب شاہین نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز سپریم کورٹ میں جھوٹ بولا۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ پچھلے 2 سال سے پی ٹی آئی صرف الیکشن مانگ رہی ہے، سپریم کورٹ میں ہم بار بار انتخابات کے انعقاد کے لیے گئے۔شعیب شاہین نے کہا کہ 9 مئی کا ڈرامہ رچایا گیا اور الیکشن آگے لے جایا گیا، 8 فروری کی تاریخ پی ٹی آئی کی پٹیشن پر دی گئی،
گزشتہ روز کوئٹہ کنونشن کے لیے گیا تھا مجھے ایئر پورٹ سے باہر جانے نہیں دیا گیا، ورکرز کنونشن نہیں کرنے دیا جا رہا، الیکشن کیسے صاف و شفاف ہوں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارا صرف مطالبہ تھا، الیکشن کے آر اوز عدلیہ سے لیے جائیں، گزشتہ روز یہ جھوٹ بولا گیا سارے ڈی سیز کو تبدیل کیا گیا ہے، اسلام آباد کے ڈی سی کے تبادلے کا 3 دفعہ نوٹیفکیشن ہوا، کیا وہ تبدیل ہوا؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں گزشتہ روز کوئی نوٹس نہیں تھا ہم کس طرح سپریم کورٹ پیش ہوتے، ہمیں بتایا گیا چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر کی ملاقات ہے، آج تک بلے کا نشان ہمیں نہیں ملا، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن لیول پلیئنگ فیلڈ تو دیا جائے۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ (ن )کے سپر لاڈلے کو ہم پر مسلط کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔