شہباز شریف

اللہ نے نواز شریف کو چوتھی مرتبہ موقع دیا تو پاکستان میں ترقی ،خوشحالی کا دور واپس آئیگا’ شہباز شریف

لاہور( عکس آن لائن)سابق وزیر اعظم و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو چوتھی مرتبہ موقع دیا تو پاکستان میں ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کا دور واپس آئے گا اور اس کی ساکھ بحال ہو گی ، نواز شریف کے پاس ایک شاندار اور محنتی ٹیم ہے سب مل کر مہنگائی کے طوفان میں کمی لانے کے لئے کام کریںگے ،

نواز شریف نے 5ارب ڈالر کی پیشکش کو احترام کے ساتھ مسترد کر کے ملک کی عزت او ر وقار کے لئے ایٹمی دھماکے کئے ، پی ٹی آئی کے احتجاج ، دھرنے اور لانگ مارچ کا ڈھونگ تاریخ کا سیاہ باب ہے ،چین کے صدر کے دورے میں سات ماہ کی تاخیر نہ ہوتی تو وہی منصوبے سات ماہ پہلے مکمل ہوتے اور اس ملک کی ترقی و خوشحالی کا پہیہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہوتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارلیمانی بورڈ کے 17ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پارٹی قائد نواز شریف ، چیف آرگنائزر مریم نواز، چیئرمین الیکشن سیل اسحاق ڈار، سیکرٹری جنرل احسن اقبال، حمزہ شہباز ،پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان ، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، خواجہ سعد رفیق ، مریم اورنگزیب اور دیگر بھی موجود تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کی نواز شریف سے لازوال کمٹمنٹ ، بے مثال اور والہانہ محبت ہمارے لئے باعث افتخار ہے ،

آپ نے انتہائی برے وقتوںمیں بھی نواز شریف کا ساتھ دیا اور کسی اور طرف جانے کا نہیں سوچا ، یہ کسی بھی پارٹی کے قائد ،پارٹی اورکارکنان کے لئے ایک بہت بڑا سرمایہ ہوتا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے ۔ شہباز شریف نے کہا کہ21اکتوبر کو نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد پارٹی میں دوبارہ ایک نئی زندگی ، تازگی ،جوش اورولولہ آیا ہے ، اب ہم انتخابات میں جارہے ہیں ،

اگر اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل و کرم سے نواز شریف کو چوتھی مرتبہ موقع دیا تو پاکستان کی صورتحال 2013سے2017کے درمیان تھی جس میں چاروں طرف ترقی اور خوشحالی کے منصوبوں پرشبانہ روز کام ہو رہا تھا ، پاکستان کو عالمی سطح پر عزت اور وقار کی نظر سے دیکھا جاتا تھااس پر دوبارہ گامزن ہوں گے ۔

انہوںنے کہا کہ آپ کو یہ بات اچھی طرح یاد ہے کہ جب بھارت نے ایٹمی دھماکے کئے تو اس کے جواب میں وزیر اعظم نواز شریف نے جو فیصلہ کیا اس فیصلے کو موخر کرانے کے لئے عالمی سطح پر بے شمار تجاویز دی گئیں ، اس میں 5ارب ڈالر کے بدلے ایٹمی دھماکہ نہ کرنے کی تجویز بھی دی گئی لیکن نواز شریف نے انتہائی احترام کے ساتھ اس پیشکش کو مسترد کر دیا اور واضح طور پر کہا کہ میںپاکستان کے عظیم تر مفاد اور وقار کی خاطر یہ پیشکش قبول نہیں کر سکتا اور پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں عینی شاہد اورگواہ ہوں کہ کس طرح ستمبر 2013میں جب چین کے صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے تھے تو اس وقت کس طرح احتجاج ،دھرنے اور لانگ مارچ کاڈھونگ رچایا گیا جو ہمیشہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب رہے گا۔ چینی سفیر ،حکومت پاکستان اور پاکستان کے دوسرے خیر خواہوں کی تمام تر کاوشوں کے باوجود انتہائی ڈھٹائی کے ساتھ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین اور دھرنوں والوںنے اٹھنے سے انکار کر دیا.

اوردورہ موخر ہو گیا، اپریل 2014میں چینی صدر سات ماہ کی تاخیر سے پاکستان تشریف لائے ، اگر سات ماہ کی تاخیر نہ ہوئی ہوتی تو وہی منصوبے سات ماہ پہلے مکمل ہوتے اوراس ملک کی ترقی و خوشحالی کا پہیہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہوتا،یہ کریڈٹ نواز شریف کا ہے ، اسی طریقے سے ہمارے دوست اوربرادر ممالک ہیں جن کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کیا گیا ، ان کے سامنے کشکول نہیں کیا گیا بلکہ پاکستان کی عزت اور وقارکو مقدم رکھا گیا ،

وہ کون شخص ہے وہ یہی نواز شریف ہے ،یہ تاریخی واقعات ہیں جن کو یہ قوم اورآنے والی نسلیں کبھی بھلا نہیںسکیں گی ۔شہباز شریف نے کہا کہ ان شا اللہ ہم الیکشن کے میدان میں جارہے ہیں اور آپ اپنی کاوشوں اور محنتوں سے نواز شریف کو چوتھی بار وزیر اعظم منتخب کرائیں گے اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا دور دوبارہ شروع ہوگا۔ نواز شریف کے پاس بہت شاندار اورمحنتی ٹیم ہے ، نواز شریف کے جو ساتھی ہیں وہ ان کے ساتھ چلیں گے اورمہنگائی کے طوفان میں کمی لانے کے لئے ہم سب مل کر کام کرکریں گے اور پھر نتائج اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں