شیخ رشید

اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے،عمران کی کال ناگزیر اورتاخیرکی گنجائش نہیں ، شیخ رشید

اسلام آ باد (نمائندہ عکس) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سائفر جہاں بھی گیا محفوظ ہے، گھبرائیں نہیں، عمران خان کے پاس کال دینے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معاملات صحیح طریقے سے حل ہونے کا ہر شخص خواہاں ہے، ن لیگ نے مفتاح اسماعیل کو کوڑا دان میں پھینک دیا ہے، جوچیز یہ استعمال کرلیتے ہیں اس کی طرف مڑکرنہیں دیکھتے، امپورٹڈ حکمران توکہتے تھے سائفر ہی نہیں ہے ، سائفر غریب کا مسئلہ نہیں ہے ، مہنگائی، بےروزگاری اہم ایشو زہیں، کرپٹ آدمی جھونپڑی کا گھونسلہ بھی نہیں دے سکتا۔ سابق وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عوام پریشان ہیں، ان کو ریلیف دینا چاہیے، اسحاق ڈارکو وزیراعظم کے جہاز میں لیکر گئے اور واپس بھی لیکر آگئے، 15 اکتوبرسے 15 نومبر تک سارے فیصلے ہوجائیں گے، کس کا پیسہ کدھر ہے سب کے بینک اکاونٹس پتہ ہوتے ہیں۔

سیاسی جماعتوں کے تمام لیڈر وں کے الفاظ سنائے جائیں، وفاقی حکومت غریب کوریلیف دینے کے لیے اقدامات کرے، میں سمجھتاہوں عمران خان کال دینے میں تاخیر کرگئے ہیں، الیکشن کی طرف جانے کی بات کرتا تھا تو سب مذاق اڑاتے تھے، عمران خان کے سوا یہاں سب وکٹ کی دونوں جانب کھیل رہے ہیں، یہ لوگ جوکچھ کہتے ہیں اسی کی تردید کرتے ہیں،اب بھی ایسا ہی کیا ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کا مسئلہ اپنے کیسز ختم کرانا تھا، مہنگائی اورغریب ایک بہانہ تھا، مفتاح اسماعیل کو رشتے دار سے تبدیل کرواناتھا اور گھر کی بات گھر ہی میں رکھوانا تھا، غریب معاشی طور پر مرجائیں گے، ہر ایک نے اپنا کام نکلوانا ہے، اقتدار کے بھوکوں کا جمعہ بازار لگا ہے،عمران کی کال ناگزیر اورتاخیرکی گنجائش نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں