شہباز شریف

اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کرنے کی بات بے بنیاد ،جو کچھ ماضی میں ہوا سب آگاہ ہیں لاڈلہ نوازشریف نہیں کوئی اور رہا ہے،شہباز شریف

لاہور (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کرنے کی بات بے بنیاد ہے ،جو کچھ ماضی میں ہوا سب اس سے آگاہ ہیں لاڈلہ نوازشریف نہیں کوئی اور رہا ہے،ہم سے شیر کا نشان چھینا گیا ،بلا چھن گیا تو اس کے قصور وار ہم نہیں ،

پی ٹی آئی دور میں شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا ،آئی ایم ایف کے معاہدے کو توڑا گیا،سفارتی تعلقات مجروح ہوئے ،معاشرے میں زہر گھول کر تقسیم در تقسیم کر دی گئی ،ثاقب نثار جو مہرہ تھا اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان شدید معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا،ہم نفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے ،ملکر محنت کرکے ملک کو پائوں پر کھڑا کریں گے،ملکی ترقی کے لئے چارٹر آف اکانومی کرنا ہوگا،

آئندہ انتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے ،آٹھ فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ کھڑا ہوگا،عوام ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے اور انکا فیصلہ قابل قبول ہوگا،ملک کی ترقی ایک چیلنج ہے عصر حاضر میں قومیں شکست سے دوچار ہوئیں جب ہمت کی تو دوبارہ دنیا کے افق پر آب و تاب سے چمکیں، ہم بھی تمام تر مشکلات سے مایوسی کو ختم کریں گے ،آٹھ فروری کے سفر کو جسے 2017میں ختم کیا اسے دوبارہ شروع کریں گے،ایک دن آئے گا جب کشکول ٹوٹ جائے گا ،

ہماری سمت درست ہو گی ،نفرت پھیلانے کے بجائے محبتیں بانٹیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں (ن) لیگ بیٹ رپورٹرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے آٹھ فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے کہ پاکستان کا مستقبل کس جگہ کھڑا ہوگا،ملک کے پچیس کروڑ عوام خوشحالی و ترقی کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،عوام ماضی میں جھانکیں گے اور مستقبل کا نقشہ کھینچیں گے اور انکا فیصلہ قابل قبول ہوگا۔(ن) لیگ نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے .

اور میری نظر میں یہ الیکشن پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے لوڈ شیڈنگ کو ختم کیا ،دہشت گردی کا خاتمہ کیا، نوازشریف نے کہا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا ،نواز شریف کے دور میں زراعت ،صنعت نے ترقی کی ،ہماری سالانہ جی ڈی پی چھ فیصد سے آگے چلی گئی تھی ،اندازے تھے کہ آئندہ پانچ سال میں ملک کو ترقی کی بلندیوں پر لے جائیں گے ،ثاقب نثار جو مہرہ تھا اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان شدید معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا ۔

انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی دور میں شدید ترین مہنگائی کا طوفان آیا ،آئی ایم ایف کے معاہدے کو توڑا گیا،سفارتی تعلقات مجروح ہوئے ،معاشرے میں زہر گھول کر تقسیم در تقسیم کر دی گئی جو ایک دو سال میں ختم نہیں ہوگی لیکن ہم نفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے ، مل کر محنت کرکے ملک کو پائوں پر کھڑا کریں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی ایک چیلنج ہے عصر حاضر میں قومیں شکست سے دوچار ہوئیں جب ہمت کی تو دوبارہ دنیا کے افق پر آب و تاب سے چمکیں، ہم بھی تمام تر مشکلات سے مایوسی کو ختم کریں ،آٹھ فروری کے سفر کو جسے 2017میں ختم کیا اسے دوبارہ شروع کریں گے، ترقی کا سفر دوبارہ آغاز ہوگا لیکن سات سال قوم کے برباد کیے گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے سولہ ماہ میں دن رات محنت کرکے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا یا وگرنہ پیٹرول تو دور کی بات ہے ایک وقت کی روٹی نہ مل پاتی۔اگر اللہ کی بارگاہ میں پوچھا گیا تو کہوں گا کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا اس کے لئے سیاست کی قربانی دیدی،اگر سیاست نہ بچی اور ریاست بچ گئی تو کوئی افسوس نہیں ۔ہمارا منشور جس کے لئے قائد نوازشریف قوم کو جلد آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج نوجوان نسل ہی ملک کوترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں، ووکیشنل ٹریننگ ہو یا ارفع کریم ٹاور نوجوان نسل تعلیم حاصل کررہی ہے،

سکول کی سطح پر آٹھویں یا نویں جماعت کے لئے ووکیشنل ٹریننگ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے ،بدقسمتی سے قیام پاکستان کے وقت تو زراعت پر کام ہوا لیکن اب کچھ نہیں رہا، گندم اور گنے کی فصل کے لئے دنیا نے جدید ٹیکنالوجی اپنائی اور چار چار فصلیں ایک سال میں پیدا کیں،ایک دن آئے گا جب کشکول ٹوٹ جائے گا ،ہماری سمت درست ہو گی ،نفرت پھیلانے کے بجائے محبتیں بانٹیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن پر نوجوان نسل کے لئے بات نہیں کررہا ،لاکھوں بچے بچیوں کو جن کے والدین کے پاس وسائل نہیں انہیں اربوں روپے دئیے گئے تاکہ ڈاکٹرز انجینئر بن سکیں، پنجاب سکلز گورنمنٹ کمپنی بنائی جو بچے بچیوں کو سکلز سکھائیں ،نوازشریف کے دور میں لاکھوں طالب علموں کو لیپ ٹاپ دئیے گئے، دانش سکول میں لاکھوں بچے زیر تعلیم رہے، ہسپتال میں مفت ادویات اور پی کے ایل آئی ہسپتال بنائے گئے، (ن) لیگ کے دور میں الٹرا سائونڈ سٹی سکین فری لیب بنائی گئیں ۔

شہباز شریف نے ایک بار پھر زور دیا کہ ملکی ترقی کے لئے چارٹر آف اکانومی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اکیس اکتوبر کو نوازشریف نے مینار پاکستان میں تقریر کے دوران کہا تھا کہ ملک میں جو زہر گھولا گیا اس کے خاتمے کے لئے آئین کے دائرے میں رہ سب کو کام کرناہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ 2018ء میں شیر کا نشان چھینا گیا جب بلا چھینا توان سے پوچھا جائے کیوں انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرائے گئے ، دس گھنٹے سپریم کورٹ میں کیس کی لائیو کوریج دکھائی گئی تو وہاں ثبوت پیش کرتے ، بلا چھن گیا تو اس کے قصور وار ہم نہیں ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں مہنگائی ساڑھے تین فیصد رہی مگر چار سالوں میں تمام اشیاء کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں ، چار سالہ دور کی مس مینجمنٹ کو جب سولہ ماہ میں سنبھالا تو ہر جگہ مارا مارا پھرا، پی ٹی آئی ورثہ میں جو مہنگائی ملی آئی ایم ایف کا معاہدہ تھا اگر اس معاہدہ پر عمل نہ کرتے تو ملک بدحال ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کے لئے پاکستان شجرہ ممنوع ہے اگر نوازشریف آگئے تو امیر و غریب میں فاصلہ کم کریں گے غریب کو خوشحال کریں گے، اگر خدانخواستہ ہم کامیاب نہیں ہوتے ایسا عوامی سیلاب آ جائے گا جو ہر چیز کو بہا کر لے جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ یہ بات بے بنیاد ہے کہ نوازشریف اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کررہے ہیں ،جہاز سازش سے لے کر باپ سے تنخواہ نہ لینے تک ہمیں لاڈلہ نہیں بنایا گیا بلکہ ڈنڈا استعمال کیاگیا،جو کچھ ماضی میں ہوا لاڈلہ نوازشریف نہیں کوئی اور رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ چیلنجز کو حل کرنے کیلئے بڑا ویژن اور بہت محنت چاہیے ، بجلی مہنگی ہے،

لائن لاسز ختم ہونے چاہئیں ، کرپشن ختم ہو ۔ہم شمسی توانائی پر جان لڑا دیں گے،شمسی توانائی ہمارا مین فوکس ہوگا اس پر توجہ مرکوز کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگر پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا تو میں نے اکیلے نے نہیں بلکہ 13جماعتوں کی اجتماعی کاوش تھی، سفارتی تعلقات دوست ممالک سے ٹھیک کئے تو اکیلے نے نہیں اجتماعی کوششوں سے کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں