اسماعیل ھنیہ

اسماعیل ھنیہ کی قطر سے فلسطین میں انتخابات کی مانیٹرنگ کی اپیل

دوحا ( عکس آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے قطر سے اپیل کی ہے کہ وہ فلسطین میں رواں سال ہونے والے انتخابات کی مانیٹرنگ کرے تاکہ انتخابات کو شفاف بنانے میں مدد دی جاسکے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے قطر سے کہا کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطین میں انتخابات کرانے اور انتخابی نتائج کے احترام کے لیے کام کرے۔ اسماعیل ھنیہ نے امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کو ایک مکتوب ارسال کیا جس میں انہوںنے فلسطینی قوم کی حمایت پر مبنی دوحا کے موقف کو سراہا ہے مکتوب میں حال ہی میں مصر کی میزبانی میں 14 فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونیوالی بات چیت اور اس حوالے سے قطر اور روس کے موقف سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔

مکتوب میں کہا گیا ہے کہ حماس فلسطین میں مصالحتی عمل کو آگے بڑھانے اورپارلیمانی، صدارتی اور نیشنل کونسل کے تینوں مراحل میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے تیار ہے۔اسماعیل ھنیہ نے مکتوب میں کہا کہ فلسطینی قوم اور حماس کو توقع ہے کہ قطر فلسطین میں ہونے والے انتخابات کو کامیاب بنانے میں معاونت کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس فلسطین کے علاقوں غزہ کی پٹی، غرب اردن اور القدس میں شفاف انتخابات کے انعقاد پر یقین رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم قطر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر اسرائیل پر دبائو ڈالے تاکہ وہ فلسطین میں انتخابی عمل میں رخنہ اندازی نہ کرے اور القدس میں انتخابات کرانے کی اجازت فراہم کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں