دوحا(عکس آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے شام روسی نائب وزیر خارجہ، مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے لیے روسی صدر کے خصوصی ایلچی میخائل بوگدانوف کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے غزہ کی پٹی پر مسلط کی گئی اسرائیلی جارحیت فوری طور پر رکوانے کے لیے صہیونی ریاست پر دباو ڈالنے کا مطالبہ کیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق فون پرگفتگو کے دوران ہنیہ نے فلسطینی شہریوں کے خلاف قابض فوج کی طرف سے کیے جانے والے جرائم کی تفصیل بیان کی۔
انہوں نے روسی عہدیدار کو بتایا کہ اسرائیلی فوج غزہ کی پٹی میں مزاحمتی قوتوں کو کچلنے کی آڑ میں نہتے اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام کررہا ہے۔انہوں نے فلسطینی عوام کی استقامت اور ان کے قومی حقوق کی پاسداری کا اعادہ کیا۔قابض فوج نے مسلسل تیسرے روز بھی غزہ کی پٹی کے خلاف اپنی صریح جارحیت جاری رکھی جس کے نتیجے میں 31 شہید، 265 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔ طیاروں سے متعدد رہائشی عمارتیں تباہ اور ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا۔