شہریار آفریدی کیس

اسلام آباد ہائی کورٹ :شہریار آفریدی کیس میں توہین عدالت پر فیصلہ محفوظ،مزید سماعت19 جون تک ملتوی

اسلام آباد(عکس آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہریار آفریدی کیس میں توہین عدالت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔کیس کی دوبارہ سماعت 19 جون تک ملتوی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دوران سماعت وکیل شیر افضل مروت نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جارہی ہے۔

شہریار آفریدی کو اسلام آباد میں متعلقہ عدالت کے روبر و پیش نہیں کیا گیا جبکہ انھیں اس سیل میں رکھا گیا جہاں ممتاز قادری کو رکھا گیا تھا۔شیر افضل مروت نے بتایا کہ شہر یار آفریدی کے ایک بازو میں بھی تکلیف ہے۔مناسب طبی سہولت فراہم نہیں کی جارہی۔

عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ سابق وزیر کی حوالگی کیلئے محکمہ داخلہ اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھا تھا جس کے باوجود شہریار آفریدی کی حوالگی نہیں دی گئی۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس معاملے پر مناسب حکم نامہ جاری کریں گے۔ کیس کی دوبارہ سماعت 19 جون تک ملتوی کردی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں