اسلام آباد (عکس آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آل پاکستان پراجیکٹ آدم آمین چوہدری کی پٹیشن خارج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ملزم کیخلاف ریفرنس واپس ہوجانے کا مطلب کیس سے اس کی بریت نہیں۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے آدم امین چوہدری کیس میں فیصلہ جاری کیا۔ ہائی کور ٹ نے کہاکہ نیب کورٹس سے ریفرنس صرف دوسری عدالتوں کو منتقل ہو سکتے ہیں، ریفرنس صرف نیب کو واپس کئے جانے کا قانون میں تصور موجود نہیں ۔
ہائی کورٹ نے کہاکہ نیب مقدمات کو دوسری عدالتوں میں منتقل کرنے سے متعلق احتساب عدالتوں کی ہر ممکن مدد کرے، نیب نئے حقائق سامنے آنے پر ضمنی ریفرنس بھی احتساب عدالت کی اجازت سے دائر کر سکتا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ اکاؤنٹس منجمند کرنے کے جاری ہو چکے احکامات بھی اب نئی متعلقہ عدالتیں ہی ختم کر سکتی ہیں۔