اسلام آباد انتظامیہ

اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پرامن اجتماع کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو پرامن اجتماع کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ۔تفصیلات کیمطابق تحریک انصاف نے سہ پہر بعد از نمازِ جمعہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر پْرامن احتجاجی مظاہرے کی کال دے رکھی تھی ۔

مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علی نواز اعوان نے اسلام آباد انتظامیہ کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم مظلوم فلسطینیوں کیخلاف اسرائیلی مظالم پر نہایت تکلیف اور کرب میں مبتلا ہے، اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی خفیہ کوششیں کرنے والے اس عالمی دہشتگرد کیخلاف شہریوں کو پرامن احتجاج کی اجازت تک دینے پر تیار نہیں۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی سیاسی آزادیوں کے حوالے سے ملک میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں ماحول فراہم کرنے میں شرمناک حد تک ناکام ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پر قابض غیرجمہوری، غیرآئینی، غیر سیاسی اور غیرمنتخب ظالم گروہ کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود پوری قوم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اور دہشتگرد اسرائیل کیخلاف کھڑی ہے۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف کا ہر کارکن مسئلہ فلسطین پر چیئرمین عمران خان کے اصولی مؤقف کا پیغامبر اور اہلِ فلسطین کیلئے امید و نصرت کی علامت ہے۔

علی نواز اعوان نے کہاکہ اقوامِ عالم اسرائیل جیسی بدمعاش ریاست کو عالمی قانون کی حد میں لائیں اور غزّہ میں مظلوم فلسطینیوں کی مجرمانہ نسل کشی کا سلسلہ روک کر تنازعے کے فلسطینی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کی جانب معنی خیز پیش رفت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں