وزیراعظم شہباز شریف

اسلام، آئین پاکستان اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کے حالات بہتر بنائیں گے،وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ عکس) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلام، آئین پاکستان اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کے حالات بہتر بنائیں گے۔ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی یوم مزدور پر پاکستان اور پوری دنیا کے محنت کشوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، محنت کشوں کی ترقی کے بغیر دنیا کی حقیقی ترقی ادھوری ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن شکاگو کے ان مزدوروں کی یاد ہے جن کی قربانیاں اب عالمی تحریک بن چکی ہیں، دنیا کی ترقی محنت کشوں کی محنت کا نتیجہ ہے اور مزدوروں کی صحت اور حفاظت کے لیے آئی ایل او کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مزدور اور محنت کشوں میں پڑھے لکھے، ناخواندہ، ہنر مند اور غیر ہنر مند شامل ہیں، مزدور کسی بھی ملک اور معاشرے کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کا کہنا ہے کہ اللہ تعالی نے مزدور کو اپنا دوست قرار دیا ہے، حکم ہے کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی اجرت ادا کی جائے، یہ اسلام میں مزدوروں کی حیثیت اور ان کے معاشی حقوق کی واضح تعریف ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جیسے ہی میں نے وزارت عظمی کا چارج سنبھالا تو ہم نے کم ازکم اجرت بڑھا کر 25 ہزار روپے کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام، آئین پاکستان اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق مزدوروں کے حالات بہتر بنائیں گے، مزدوروں کے مسائل ہر سطح پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں