اسد عمر

اسد عمر کا پاکستان پر ظلم فوری بند کرنے کا مطالبہ

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے پاکستان پر ظلم فوری بند کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ آج کل نظریں سیاست پر لگی ہوئی ہیں،معیشت کی بگڑتی صورتحال نہایت تشویشناک ہے، حالات پہلے ہی خراب ہوگئے تھے، اب دن بدن بگڑتے جارہے ہیں، پچھلے دو ہفتوں کے دوران زرِمبادلہ کے ذخائر میں 1.2 ارب ڈالرز کی کمی آئی ہے۔ اسد عمر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آج سے تقریبا ایک ماہ پہلے چین سے 2.3 ارب ڈالرز کا قرض لیا گیا، چین سے لئے جانے والے 2.3 ارب ڈالرز کے قرض میں سے 2 ارب ڈالرز استعمال ہوچکے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ نتیجہ یہ ہورہا ہے کہ روپے کی قدر میں اتنی تیزی سے کمی آرہی ہے جسکی تاریخ میں مثال نہیں، جس دن سے عدم اعتماد کی تحریک آئی ہے ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 62 روپے تک گر چکا ہے، اس کی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان آچکا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ پچھلے دو ہفتوں میں روپے کی قدر میں کمی کے باعث آئندہ پیٹرول، بجلی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اور اضافے کا سامنا ہوگا۔ صورتحال اتنی خطرناک ہو چکی ہے کہ ضروری ادویات بنانے کیلئے خام مال کی ایل سی اس وقت نہیں کھل رہی۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی منڈیوں کی صورتحال یہ ہے کہ موڈیز، فِچ اور ایس این پی سب نے پاکستان کی درجہ بندی گرا دی ہے، ہم پیٹرول درآمد کرنے کی کوشش کررہے تھے اور دو دفعہ ٹینڈرز کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق کوئی آپ کو تیل بیچنے کو تیار نہیں، اس خطرناک صورتحال میں اس مصنوعی نظام کو گھسیٹتے چلے جانا کہ انا کا مسئلہ ہے اور طاقت نہیں چھوڑنی۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ خدا کا واسطہ ہے پاکستان پر ظلم کرنا بند کریں، ورنہ یہ معیشت اتنی گہری کھائی میں گرنے والی ہے کہ اس سے نکلتے ہوئے سالوں لگیں گے۔ اسد عمر نے مزید کہا کہ پاکستان کا بہت نقصان ہو چکا ہے، وقت آگیا ہے کہ پاکستان پر مسلط کیے گئے اس امپورٹڈ مصنوعی نظام کو بغیر وقت ضائع کیے ختم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں