لاہور(نمائندہ عکس)سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کا روپے کو اوور ویلیو رکھنا معیشت کے لیے ٹھیک نہیں ہے،وزیر خزانہ جو کہہ رہے ہیں زمینی حقائق یہ نہیں ہیں وہ بہتر نہیں جانتے موڈیز بہتر جانتا ہے ۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ مارکیٹ بھی ان سب چیزوں کو دیکھ رہی ہے اگر زمینی حقائق مضبوط ہیں تو انٹرنیشنل بانڈ 40 سے 45 فیصد ڈسکائونٹ پر ٹریڈ کررہے ہیں اب ان کو 45 فیصد گیس کی قیمت بڑھانی پڑیں گی۔
انہوںنے کہا کہ بجلی کی قیمت انہوں نے واپس لی اب ان کو دوبارہ قیمت بڑھانا ہوں گی، مفتاح اسماعیل جو سائن کرکے آگئے ہیں وہ شرائط اسحاق ڈار کو ماننی پڑیں گی۔انہوں نے کہا کہ روپے کو اوور ویلیو رکھنے سے امپورٹ بڑھ جائے گی اور ایکسپورٹ کم ہوجائے گی جو معیشت کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ عوام اس وقت مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اس وقت مہنگائی تاریخی ریکارڈ پر ہے انہیں مہنگائی کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے پڑیں گے۔