لاہور(عکس آن لائن )
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلینس ٹیموں نے لاہوریوں کو استعمال شدہ گندہ تیل استعمال کرنے سے بچا لیا۔7 ہزار560لیٹر استعمال شدہ گندہ تیل سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں ویجیلینس ٹیموں نے رات گئے بڑی کارروائی کرتے ہوئے42 ڈرموں میں موجود 7 ہزار560لیٹراستعمال شدہ گندہ تیل سپلائی کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔استعمال شدہ تیل ٹرک نمبری ٹی اے ایم 152 میں انڈسٹریل ایریا روات، راولپنڈی سے لاہور لایا جا رہا تھا۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ویجیلنس کی اطلاع پر ناکہ لگا کر ٹرک پکڑاگیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ آفس لا کرتحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔پکڑا گیا گروہ مشکوک حرکتوں اور بائیو ڈیزل کمپنیوں سے معاہدہ ختم ہونے کی وجہ سے شک کے دائرے میں تھا۔منظم گروہ بائیو ڈیزل کے نام پر تیل اکٹھا کر کے سستے داموں فیکٹریوں کو سپلائی کرتا تھا۔پی ایف اے قوانین کے مطابق استعمال شدہ تیل کی صرف بائیو ڈیزل بنانے میں استعمال کی اجازت ہے۔کیپٹن(ر)محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ استعمال شدہ تیل کے کھانے میں استعمال سے معدے کے السر اور کینسر جیسی موذی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ملاوٹ کا خاتمہ کرکے صوبے سے بیماریوں کا بوجھ کم کریں گے۔حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق محفوظ خوراک کی یقنی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔خوراک کے کاروبار میں دھوکہ دہی کرنے والے انسان دشمن سخت سزاؤں کے حقدار ہیں۔