احسن اقبال

احسن اقبال کی این ڈی ایم اے کی زلزلہ سے متاثرہ ممالک کی فوری امداد کی تعریف

اسلام آباد( عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سیزلزلہ سے متاثرہ ممالک کی فوری امداد کی تعریف کرتے ہوئے ان ممالک کے لیے ضروری ادویات کے ساتھ موبائل میڈیکل ٹیموں کا بندوبست کرنے پر زور دیا ہے۔اتوار کواین ڈی ایم اینے زلزلہ سے متاثرہ ترکیہ اور شام کے لیے انسانی امداد کے پیکج کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سنٹر( این ای او سی) کا خصوصی اجلاس منعقد کیا۔ وفاقی وزیراحسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید، شام میں پاکستان کے سفیر،

ڈی جی این ایل سی، ایئر مارشل (ر) شاہد اختر اور وزارت صحت، وزارت اطلاعات و نشریات، پاک بحریہ اور پی ڈی ایم اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں فنڈ ریزنگ مہم بھی چلائی گئی۔ وزیر اعظم کی اپیل پریہ مہم سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں شروع کی گئی۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے بریفنگ میں بتایا کہ اتھارٹی نے بالترتیب 162 ٹن اور 9 ٹن امدادی سامان ترکیہ اور شام روانہ کیا ہے جبکہ 447 ٹن کی امدادی کھیپ مشترکہ طور پر این ایل سی ٹرکوں کے ذریعے دونوں ممالک روانہ کی گئی ہے۔اس کھیپ میں زلزلہ متاثرین کی موجودہ ضرورت کے مطابق بڑے سائز کے موسم سرما کے خیمے اور کمبل شامل ہیں۔ مزید برآں،

پاک آرمی یو ایس اے آر ٹیم اور ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ترکیہ میں کئی ریسکیو آپریشنز کیے ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ ڈبل پلائی ٹینٹ پر مشتمل 195 ٹن کی کھیپ اور 1600 ٹن فوڈ بیگز کی خریداری کا عمل جاری ہے جو آنے والے دنوں میں این ایل سی ٹرکوں اور پاک بحریہ کے جہازوں کے ذریعے دونوں ممالک کو روانہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے شام اور ترکیہ کے لیے اضافی ریسکیو اور میڈیکل ٹیموں کو بھی مربوط کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں زلزلہ متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کے 13 پوائنٹس قائم کئے ہیں۔ترکیہ کے سفیر نے امدادی سرگرمیوں کو اولین ترجیح دینے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

سفیر نے ترکیہ کی جانب سے اضافی انسانی امداد بھیجنے کی درخواست بھی ظاہر کی جس میں جدیدخیمے، سولر بیٹریز اور جنریٹرز شامل ہیں۔ڈی جی این ایل سی نے شام اور ترکیہ کے لیے امدادی سامان کے لیے روڈ لاجسٹک انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے عوامی تحرک کے ذریعے 7986 کمبل اور 221 فوڈ بیگز اکٹھے کیے ہیں جنہیں این ڈی ایم اے کے حوالے کیا جائے گا۔اجلاس کے دوران ترکی میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور شام میں پاکستان کے سفیر ایئر مارشل (ر) شاہد اختر نے اجلاس کو موجودہ صورتحال اور ان ممالک میں جاری امدادی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں