عامر سہیل

احسان مانی کرکٹ بورڈ ایجنڈے پر چلا رہے ہیں، عامر سہیل

لاہور(عکس آن لائن)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر عامر سہیل نے کہا ہے کہ ادارے اغراض و مقاصد کے مطابق چلا کرتے ہیں، البتہ موجودہ کرکٹ بورڈ کے بارے میں وہ کسی ہچکچاہٹ کے بغیر کہہ سکتے ہیں کہ یہ بورڈ دو قدم آگے چلتا ہے اور چار قدم پیچھے چلا جاتا ہے، اسے ترقی نہیں بربادی کہتے ہیں۔

عامر سہیل نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران کے سبب اس وقت بورڈ کو وقت مل گیا، البتہ جیسے ہی یہ بحران ختم ہوا، بورڈ کو عدالتی محاذ پر خود کو پیش کرنا پڑے گا، وجہ سیدھی ہے، نیا آئین آگیا، ڈپارٹمنٹ اور ایسوسی ایشن کا کوئی کردار نہیں ، تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ گورننگ بورڈ میں ڈپارٹمنٹ اور ریجن کے نمائندے کس حیثیت میں براجمان ہیں۔عامر سہیل کا کہنا تھا کہ ان کی رائے میں بورڈ کے اس تناظر میں کئے گئے فیصلے کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتے اور جلد یا بدیر ان کی قانونی حیثیت پر سوالات اٹھتے دکھائی دیتے ہیں۔

احسان مانی کرکٹ بورڈ ایجنڈے پر چلا رہے ہیں۔عامر سہیل نے سبحان احمد، ہارون رشید، شفیق پاپا، آغا زاہد اور علی ضیاء کی بے دخلی کے سوال پر کہا کہ شخصیات کی تبدیلی کا مطلب ہر گز یہ نہیں کہ بورڈ کی سطح پر معاملات درست سمت میں چل پڑے ہیں۔سابق کپتان نے کہا کہ احسان مانی ماضی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے مختلف حیثیتوں میں کام کرتے رہے ہیں ، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ بورڈ کس طرح چل رہا ہے، انہیں بہت سی باتوں کا جواب دینا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں