اسلام آباد(نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاویدنے کہا کہ اب اپوزیشن کی سیاست ختم ہوچکی ، جب بھی سخت امتحان آیا ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے رہے ، اپوزیشن کو اپنے ایم این ایز پر بھروسہ نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد سے پہلے وزیراعظم عمران خان عوام کو ڈی چوک پر جمع کررہے ہیں، اس جلسے میں عمران خان اہم باتیں بتائیں گے جو پہلے کبھی نہیں بتائی گئیں ۔
پیر کو اسلام آباد میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ ڈی چوک پر لوگوں کا ایک سمندر آرہا ہے ، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ڈی چوک میں ہونے جارہا ہے ، جس وقت وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں خطاب کیا اس وقت کے بعد اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد شروع کردی اس کی وجہ یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں این آر او دینے سے انکار کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کو این آر او دیا گیا ، 2008سے 2018تک کی دس سالہ طرز حکومت میں اپوزیشن نے آپس میں این آر او کیا کرپشن آف چارٹر پر دستخط کئے کہ ہم نے ایک دوسرے کے مقدمات کو نہیں دیکھنا،ہم نے ایک دوسرے کا کام کرنا اور احتساب نہیں کرنا ،2018میں عوام نے عمران خان کو وزیراعظم بنایا منتخب کیا توا پوزیشن نے قومی اسمبلی میں این آر او پر واویلا کیا ، اس پر عمران خان نے انہیں جواب دیا کہ میری حکومت تو چھوٹی سی بات ہے اگر میری جان بھی چلی جائے تو اپوزیشن کو این آر او نہیں دوںگا ،اپوزیشن والوں کی خواہش تھی کہ عدم اعتماد کی تحریک لائے ،مقصور چپڑاسی اور پاپڑوالے کے اکاونٹ میں اربوں روپے کی منی لانڈرنگ اور دیگر مقدمات کی وجہ سے شاید عمران خان ان کو ریلیف دے گا ،اسی وجہ سے اپوزیشن نے تحریک عدم اعتمادکا ڈرامہ رچایا ہوا ہے اپوزیشن اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کی کوشش کررہی ہے، ملک اور قوم کیلئے اپوزیشن نے کچھ نہیں کیا اپوزیشن نے اپنے ذاتی مقدمات اور تحریک عدم اعتمادمیںخود کو بچانے کیلئے عمران خان کو بلیک میل کرنے کی کوشش کرہی ہے ۔
وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کا بھر پور مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں ، مجھے انکی شکست نظر آرہی ہیں، اپوزیشن نے بغیر کوروناٹیسٹ کے اپنے ایم این ایزکوپارلیمنٹ لاجز میں قرنطینہ کردیا ۔ سینیٹر فیصل جاویدنے کہا کہ اب اپوزیشن کی سیاست ختم ہوچکی ہے جب بھی سخت امتحان آیا ہمارے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے رہے ، اپوزیشن کو اپنے ایم این ایز پر بھروسہ نہیں ہے، عدم اعتماد کی تحریک سے پہلے وزیراعظم عمران خان عوام کو ڈی چوک پر جمع کررہے ہیں اس جلسے میں عمران خان اہم باتیں بتائیں گے جو پہلے کبھی نہیں بتائی گئیں ۔