آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ

آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل، پاکستان زندہ باد، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی (عکس آن لائن ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہو گئے، 27 فروری کو بھارت کی ناکام جارحیت کا پاکستان کی مسلح افواج نے منہ توڑ جواب دیا۔ اتوار کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کو تین سال مکمل ہوگئے ہیں، آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں پاکستان نے بھارت کی ناکام جارحیت کا بھرپور جواب دیاتھا، پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کے دو جنگی طیارے مار گرانا بڑی کامیابی تھی، پاک بحریہ نے سمندر میں بھارتی آبدوز کا سراغ لگایا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ انداز میں موثر جواب دیا، مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کے لئے پر عزم ہیں، قوم کا عزم اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ تیاری مشکل میں کامیابی کی کلید ہے، جارحیت کے جواب میں صرف ہتھیار اور تعداد نہیں بلکہ قوم کا عزم اورمسلح افواج کی آپریشنل تیاریاں کامیاب رہتی ہیں، پاکستان زندہ باد ۔ یاد رہے کہ تین سال قبل 27 فروری کو پاکستان کے جری ہوابازوں نے بھارت کے نام نہاد سورماوں کو چھٹی کا دودھ یاد دلا کر تاریخ رقم کی تھی۔

دو بھارتی جنگی جہاز زمین بوس ہوئے جبکہ بھارتی ہوا باز ابھینندن گرفتار کر لیا گیا تھا، اس معرکے سے منسوب پاک فضائیہ کی جنگی گیلری آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں ابھینندن کے زیراستعمال یونیفارم اور جنگی ہوابازی میں استعمال ہونے والا سامان دشمن کی پسپائی کی داستان سنا رہا ہے۔ گیلری کی ایک دیوار پر ابھینندن کے طیارے کو مارگرانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی خان، بھارت کے دوسرے جہاز کو مارگرانے والے سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی جبکہ بھارت کے خلاف اہم مشن میں شامل گروپ کیپٹن فہیم خان کی تصاویر آویزاں ہیں۔ ستائس فروری کو پاک فضائیہ کی جرات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، پاکستان اور بھارت کے مابین جنگوں کے دوران پاکستان ائیرفورس کی جانب سے دشمن ملک کے ہوابازوں کوناکوں چنے چبوانے اورانھیں کاری ضرب لگانے کی داستانیں بکھری پڑی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں