خواجہ حبیب

آٹے کی وافر فراہمی کیلئے فلور ملز کو گندم کا کوٹہ بڑھایا جائے’خواجہ حبیب

لاہور(عکس آ ن لائن )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر خوراک اور ڈائریکٹر فوڈ کی بہتر حکمت عملی کے باعث آٹا 860 میں دستیاب ہے لہٰذااس صورتحال میں تعطل سے بچنے کے لئے حکومت فلور ملز کو گندم کا اجرا ء بڑھائے تاکہ عوام کو وافر مقدار میں مناسب نرخوں پر آٹے کی دستیابی جاری رہ سکے ، ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی کے لئے گندم کے نرخ 1475سے بڑھانے سے گریز کیا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر کے نو منتخب صدر طارق مصباح اور ایگزیکٹو ممبر عمران بشیر کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اگر عوام کو اپوزیشن کے جلسے جلوسوں اور دھرنوں میں جانے سے روک سکتی ہے تو اس کا آسان راستہ اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرکے انہیں غریب عوام کی دسترس میں لانا ہے ،جس کے بعد غریب آدمی باہر نہیں نکلے گا اور اپوزیشن کی تحریک کو وہ عوامی پذیرائی نہیں ملے گی جس کی اس نے امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ ہر دوسرے دن کبھی بجلی کی قیمت بڑھ جاتی کبھی ایل پی جی، گیس،سبزیوں ،

دودھ دالوں ،گوشت، گندم، آٹا اور پٹرول کی قیمتوں کو پر لگ جاتے ہیں جو بذات خود حکومت کے لئے نیک شگون نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام کو گھروں سے باہر نکال سکے گی یا نہیں لیکن حکومت کی عوام کش پالیسیاں عوام کو ضرور احتجاج پر مجبور کر دیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مہنگائی کنٹرول کرنے پر تمام صلاحیتیں مرکوز کریں، اگر مہنگائی پر قابو پا لیا گیا تو پھر حکومت کیلئے کوئی چیلنج نہیں ورنہ آنے والے وقت میں اس کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں