وزیراعظم

آنے والی نسلوں کا احساس کرکے فیصلے کرنے ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں مستقبل کی نسل کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے‘ ماحولیاتی تبدیلی ہمارے لئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، اس کے لئے ہنگامی بنیادوں پر دنیا کو کام کرنے کی ضرورت ہے‘ پاکستان قدرتی خوبصورتی اور حسن سے مالا مال ہے۔

بدھ کے روز موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں ساتویںتین روزہ ایشیاعلاقائی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں مستقبل کی نسلوں کا احساس کرکے فیصلے کرنے ہوتے ہیں جبکہ میں ان خوش قسمت پاکستانیوں میں شامل ہوں جو پاکستان کے تمام علاقے گھوم چکا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی اور وسائل سے مالا مال ملک ہے پاکستان میں گھنے جنگلات‘ طویل صحرا‘ بلند ترین پہاڑی سلسلے ہیں جبکہ شہروں میں رہنے والے زیادہ تر افراد پاکستان کی قدرتی خوبصورتی کو نہیں دیکھ پاتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جب میں پیدا ہوا تو پاکستان کی آبادی چار کروڑ تھی اور آج بائیس کروڑ ہے۔ مجھے جلد ہی قدرتی ماحول کو پہنچنے والے نقصانات کا احساس ہوگیا تھا اور پہلی بار خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کے بعد بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار کسی حکومت نے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی تحفظ کے لئے قدم اٹھایا تھا اور بلین ٹری سونامی منصوبے میں مقامی آبادی کو بھی شامل کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں ٹمبر مافیا کی صورت میں بڑے چیلنج کا مقابلہ کیا اور ٹمبر مافیا سے مقابلے میں دس فارسٹ گارڈز نے جانوں کا نذرانہ بھی دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہروں کے پھیلاﺅ کی بجائے بلند عمارتیں بنانے پر توجہ ہے جبکہ ماضی میں فضائی اور آبای آلودگی پر قابو پانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ ایک وقت میں نئی دلی بہت صاف شہر ہوا کرتا تھا میں لاہور میں پلا بڑھا جس کی آب و ہوا بہت صاف ستھری تھی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ تمام مذاہب انسانیت کی فلاح و بہبود کا درس دیتے ہیں اور ہمیں انسانیت کی فکر ہونی چاہئے۔ تقریب سے آئی یو سی این کے صدر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے سے بہت متاثر ہیں اور اس منصوبے سے خیبرپختونخوا کے قدرتی ماحول میں بہتری آئی ہے جبکہ آئی سی یو این پاکستان کی ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں