اسلام آباد (عکس آن لائن) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاونٹس، میگامنی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے آصف زرداری کی کراچی سے علاج کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی بینک اکانٹس، میگامنی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس پر سماعت ہوئی ، کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے کی، آصف زرداری اورفریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے تاہم سابق آصف زرداری کو احتساب عدالت میں پیش نہ کیا جاسکا۔
سماعت میں فاروق ایچ نائیک نے آصف زرداری سے ملاقات کی درخواست دائر کی ، وکیل نیب نے کہا پمز اسپتال نے وکلا کی ملاقات کے لیے 2 دن مقرر کیے ہیں، اہلخانہ آصف علی زرداری سے 3 دن اسپتال میں ملاقات کرسکتے ہیں جبکہ آصف زرداری سے ملاقات کے لیے 5دن مقرر ہیں، جس پر فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ 5دن ملاقات کی اجازت ہے توہم درخواست واپس لے لیتے ہیں۔فریال تالپور کو احتساب عدالت پیش کیا گیا ، جج نے استفسار کیا ملزمان کہاں ہیں؟ انور مجید کو لایا گیایا نہیں؟ وکیل انور مجید نے بتایا وہ بیمارہیں کراچی میں ان کا آپریشن ہونا ہے۔
دوران سماعت آصف زرداری نے کراچی سے علاج کیلئے درخواست دائر کر دی، آصف زرداری نے وکیل فاروق ایچ نائیک کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں کہا گیا صحت تشویشناک ہے، مرضی سے علاج کی اجازت دی جائے، کراچی سے علاج کرانا چاہتے ہیں۔آصف زرداری کی کراچی سےعلاج کرانے کی درخواست پر نیب نے اعتراض اٹھایا ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا آپ ایگزیکٹو سے اجازت لیں، جس پر وکیل سردار لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ہم ایگزیکٹو سے بھیک نہیں مانگیں گے، ہمارا حق ہے جو ہم عدالت سے مانگ رہے ہیں، ایک مریض کو باہر بھیجنے کو تیار ہیں مگر ہمیں کہتے ہیں ایگزیکٹیو کے پاس جائیں۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہمیں عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجا ہے ، ہم کراچی علاج کے لئے درخواست بھی اسی عدالت کو دیں گے، یہ تاریخ کا حصہ بنے گا کہ کیس کراچی میں مقدمہ پنجاب میں چل رہا ہے، علاج ہو گا زندگی ہو گی تو مقدمات ہوں گے۔
نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ یہ لوگ درخواست اڈیالہ جیل کو دیں ایگزیکٹو کو دیں، عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، انہوں نے چار ڈاکٹرز کی فہرست دی ،ان کی مرضی نہیں چل سکتی۔احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز پر آصف زرداری اور فریال تالپور کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے آصف زرداری کی کراچی سے علاج کرانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت ملتوی کردی۔