لاہور (عکس آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری افہام و تفہیم سے معاملات کو لے کر چلیں گے، عارف علوی کا دور ایک خوفناک دور تھا جس میں انہوں نے آئین کو پامال کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کی۔
پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ میرا یہ ماننا ہے کہ جس طرح کا سیاسی ماحول سابق صدر کے دور میں رہا آصف زرداری ویسا ماحول پیدا نہیں ہونے دیں گے، سابق صدر کے منصب کا تقاضا تھا کہ وہ پارٹی سے بالاتر ہو چلتے مگر انہوں نے ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی کا دور ایک خوفناک دور تھا جس میں انہوں نے آئین کو پامال کرتے ہوئے اسمبلی تحلیل کی، آصف زرداری ایک سیاسی سوچ کے جمہوری آدمی ہیں، مجھے یقین ہے کہ آصف زرداری کا انتخاب ملک و قوم کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ کیا کبھی اس طرح ہوا ہے جس طرح پچھلی اسمبلی تحلیل کی گئی؟ ،کم از کم جمہوری اور سیاسی آدمی تو ایسا کام نہیں کریں گے، صدر عارف علوی کے منصب کا تقاضا تھا کہ وہ ایسا کام نہ کرتے۔ملک احمد خان نے مزید کہا کہ عارف علوی ملک کے سب سے بڑے آئینی عہدے پر تھے، ڈپٹی سپیکر نے جعلی لیٹر کے ساتھ جو کہا وہ سب کے سامنے ہے۔