آرمی چیف

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ،حکومت نے نظرثانی درخواست دائر کر دی

اسلام آباد (عکس آن لائن ) حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کر دی۔ جمعرات کو وفاقی حکومت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے نظر ثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی ہے،

حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ فیصلے میں اہم آئینی و قانونی نکات کا جائزہ نہیں لیا گیا، اس کے علاوہ ایڈیشنل اور ایڈہاک ججز کو بھی سپریم کورٹ ماضی میں توسیع دیتی رہی، عدالت نے ججز توسیع کیس کے فیصلوں کو بھی مدنظر نہیں رکھا۔ذرائع کے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، سپریم کورٹ کا لارجر بینچ بنایا جائے اور ان کیمرہ سماعت کی جائے۔قبل ازیں وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کئی آئینی نکات کا جائزہ نہیں لیا، بہت سے آئینی معاملات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔بیرسٹر فروغ نسیم نے بتایا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی جائے گی جس کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست آج ہی دائر کی جائے گی اور توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے سارے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں