وزیر اعظم

آج پاکستان نے اپنی معیشت مستحکم کرلی ہے،وزیر اعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان نے اپنی معیشت مستحکم کرلی ہے، خوشی ہے پاکستان میں اب ٹائر کی مینو فیکچرنگ ہوگی، ایسی چیزیں بنیں گی جو پہلے پاکستان میں نہیں بنتی تھیں، اس عمل سے درآمدات کی حوصلہ شکنی ہوگی، سرمایہ کاروں کو جلدی سہولت نہ دیں تو وہ کہیں اور چلا جاتا ہے، ماحول بنا رہے ہیں کہ سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری آسان ہو۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں وزیر اعظم عمران خان بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج تین پہلوں پر بات کرنا چاہتا ہوں۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج پاکستان نے اپنی معیشت مستحکم کرلی ہے، روپے پر دبا و تھا اور ڈالر بڑھ رہا تھا۔ معاشی ٹیم نے روپے کی قدر کو مستحکم کیا۔ پچھلے 3 ماہ میں روپے کی قدر بڑھی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری بھی پاکستان آنا شروع ہوگئی ہے، روپیہ مستحکم کرنے پر معاشی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔

آئی ایم ایف، اے ڈی بی اور ورلڈ بینک نے بھی کہا کہ پاکستان کی سمت درست ہے۔ جیسے جیسے سرمایہ کاری آئے گی معیشت بہتر ہونا شروع ہوجائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ صنعتوں کو مراعات دی جا رہی ہیں، غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خوشی ہے پاکستان میں اب ٹائر کی مینو فیکچرنگ ہوگی۔ اس سے پہلے پاکستان میں ٹائر اسمگل ہو کر آتے تھے۔ ایسی چیزیں بنیں گی جو پہلے پاکستان میں نہیں بنتی تھیں۔ اس عمل سے درآمدات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے کی وجہ سے روپے پر دبا و بڑھتا ہے، روپیہ گرتا ہے تو تیل، بجلی، گیس سب چیزیں مہنگی ہو جاتی ہیں۔

ایکسپورٹ بڑھانا ہماری پالیسی ہے، امپورٹ کم کردی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ ہے پاکستان 28 پوائنٹس اوپر گیا ہے، پاکستان کے اس سے پہلے چین کے ساتھ تعلقات پہلے اتنے بہتر نہیں تھے۔ چینی قیادت خود چاہتی ہے چینی انڈسٹری پاکستان کی طرف آئے۔ سرمایہ کاروں کو جلدی سہولت نہ دیں تو وہ کہیں اور چلا جاتا ہے۔ ماحول بنا رہے ہیں کہ سرمایہ کاروں کے لیے سرمایہ کاری آسان ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں