ڈاکٹر ندیم جان

آئی سی یو میں داخل مریضوں کیلئے استعمال ہونے والی 4 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری

اسلام آباد (عکس آن لائن)نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ آئی سی یو میں داخل مریضوں کیلئے استعمال ہونے والی 4 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی گئی ہے،

جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔بدھ کو وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹرندیم جان نے کہاکہ کیبنٹ نے 4 ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے اور یہ ادویات آئی سی یو میں داخل مریضوں کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کولیسٹی متھیٹ سوڈیم کی قیمت 55 سے 65 فی صد کم ہوئی ہے۔ 1 ملین یونٹ انجکشن کی قیمت 2987 سے کم ہو کر 1036 روپے ہوئی ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ 2ملین یونٹ انجکشن کی قیمت 4564 روپے سے کم ہو کر 1737 روپے ہوئی ہے، تین ملین یونٹ انجکشن کی قیمت 5855 سے کم ہوکر 2591 روپے ہوئی۔

ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ جعلی اور ان رجسٹرڈ ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشکل حالات کے درپیش چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لئے پر عزم ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں