حمزہ شہباز

آئی ایم ایف سے شرمناک شرائط پر معاہدہ کیا گیا’حمزہ شہباز

لاہور (عکس آن لائن) پنجا ب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہاہے کہ آئی ایم ایف سے شرمناک شرائط پر معاہدہ کیا گیا، یہ لوگ کشکول لے کر دنیا کے پاس جاتے ہیں،عوام اور سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر لائے تھے، وزارت عظمی کی کرسی پر بیٹھا شخص اپنی جماعت کو اکٹھا نہیں کرسکا، یہ شخص اپنی انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دیتا ہے۔

حمزہ شہباز نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، ملک میں دہشت گردی دوبارہ سے سر اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اور سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کیخلاف ایک پلیٹ فارم پر لائے تھے، وزارت عظمی کی کرسی پر بیٹھا شخص اپنی جماعت کو اکٹھا نہیں کرسکا، یہ شخص اپنی انا کو ملکی مفاد پر ترجیح دیتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ اس شخص کو ہمیشہ 6 ماہ بعد اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے، یہ شخص بولتا پہلے ہے سوچتا بعد میں ہے، آپ نے قوم کو جو سبزباغ دکھائے، اللہ نے بینقاب کردیئے، حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنا اب قومی فرض بن چکا ہے۔حمزہ شہباز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ سب سے بڑا سچ ہے، پارلیمنٹ میں دی گئیں گالیاں اب آپ کا پیچھا کر رہی ہیں، میں حکومت ہٹانے کیلئے کسی غیر آئینی اقدام کا نہیں کہہ رہا، بلکہ حکومت ہٹانے کیلئے پارلیمنٹ کے اندر جنگ کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں