شاہ سلمان

آئندہ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس میں یورپی یونین کی مؤثر شرکت کے خواہاں ہیں، شاہ سلمان

ریاض(عکس آن لائن) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن نے ٹیلی فون گفتگو کی۔بات چیت کے دوران شاہ سلمان نے سعودی عرب اور یورپی یونین کے درمیان تعلق کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے یورپی یونین کو اہم ترین بین الاقوامی شراکت داروں میں شمار کیا۔

سعودی فرماں روا نے فریقین کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا جو مشترکہ مفادات کے تحت اور دنیا بھر میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے واسطے حالیہ بین الاقوامی کوششوں کو سپورٹ کرے۔شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ وہ سعودی عرب کی میزبانی میں آئندہ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس میں یورپی یونین کی مؤثر شرکت کے خواہاں ہیں۔

دوسری جانب یورپی کمیشن کی سربراہ نے یورپی یونین کے ممالک اور سعودی عرب کے درمیان تعلق کی اہمیت اور مشترکہ مفادات کو یقینی بنانے کی اہمیت کو باور کرایا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کی بڑی خواہشمند ہیں کہ مملکت میں آئندہ جی ٹوئنٹی سربراہ اجلاس میں یورپی یونین کا ایک تعمیری کردار ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں