جنیوا (عکس آن لائن)ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے دعوی کیاہے کہ ان کے ملک کو پرامن مظاہروں کا نہیں بلکہ دہشت گرد جماعتوں کا سامنا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کیاجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کو فروغ دینے والے عناصر کی بدنیتی پر مبنی مداخلت کے بعد پرامن شہری پرتشدد ہو گئے۔اپنی تقریر میں عبداللہیان نے دعوی کیا کہ ان کے ملک کو دہشت گرد گروپوں کا سامنا ہے، پرامن مظاہرین کا نہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کی ایرانی جیلوں میں سلاخوں کے پیچھے سینکڑوں قیدیوں کی موجودگی کی تصدیق کے باوجود عبداللہیان نے دعوی کیا کہ مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے ہر شخص کو رہا کر دیا گیا ہے۔ایرانی اہلکار نے اپنے متضاد بیانات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے انسانی حقوق کا احترام ایک اہم قدر ہے جو ہمارے عقائد میں پیوست اور جڑی ہوئی ہے۔عبداللہیان کے بیانات ان کے ملک میں حکومت کی جانب سے کئی مہینوں تک جاری رہنے والے مظاہروں کو دبانے کے بعد سامنے آئے ہیں، جن میں گرفتاریاں، جیلوں میں تشدد اور مظاہرین کو دھمکانے کے لیے سرعام پھانسی دینا شامل ہے۔