لاہور(عکس آن لائن )قومی ٹیم کے لیجنڈری بالر عبدالقادر کے انتقال کی خبر نے ناصرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو بھی افسردہ کر دیا ہے۔
63سالہ سابق لیگ سپنر عبدالقادر گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔بھارتی کرکٹر بشن سنگھ بیدی نے کہا کہ عبد القادر بڑے دل والا ساتھی کرکٹر تھا، عبدالقادر کی سپن بولنگ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔بھارتی کرکٹر روی چندر ایشون نے کہا کہ عبدالقادر پاکستان میں سپن بولنگ کا ایک بہت بڑا نام تھے۔ہربھجن سنگھ نے کہا کہ عبدالقادر سے دو سال پہلے ملاقات ہوئی تھی، وہ ایک چیمپئن بولر تھے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہو گی۔بھارتی بلے باز وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ عبدالقادر دنیا کے بہترین لیگ سپنرز میں سے ایک تھے، ان کے بولنگ کے منفرد انداز نے ہمیشہ سحر میں مبتلا کیا۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر عبدالقادر کی کھیلتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی اور ساتھ میں لکھا کہ انہیں وہ وقت یاد ہے جب انہوں نے عبدلقادر کےخلاف کھیلا تھا، وہ اپنے وقت کے بہترین سپنرز میں سے ایک تھے، ان کے اہل خانہ کو میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔
عظیم آسٹریلوی سپنر شین وارن نے عبدالقادر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر کے انتقال کی خبر کافی افسوس ناک ہے،شین وارن نے کہا کہ 1994 میں عبدالقادر سے ملاقات ہوئی تھی، لیگ سپن کرنے والے بہت سے کھلاڑی عبدالقادر سے ہی متاثر تھے، عبدالقادر کا ریکارڈ بھی شاندار ہے، انہوں نے کئی مخالف بلے بازوں کو اپنی جادوئی بالنگ کے ذریعے پریشان کیا۔سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کوچ ڈین جونز نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عبدالقادر کی وفات کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا۔جنوبی افریقی سپنر عمران طاہر نے کہا کہ عبدالقادر میرے گرو اور مینٹور تھے، عبدالقادر کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا، عبدالقادر نے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کی، وہ میرے لیے والد کی طرح تھے