آری کینولا

کسان آری کینولا کی کاشت بروقت مکمل کریں۔ آری کینولا کے تیل کا معیار رایا اور سرسوں سے بہت بہتر ہے،ماہرین زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب کے زرعی ماہرین نے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آری کینولا کی کاشت بروقت مکمل کریں۔ آری کینولا کے تیل کا معیار عام طورپرا گائی جانے والی رایا اور سرسوں سے بہت بہتر ہے۔ آری کینولا کو کلراٹھی اور سیم زدہ زمینوں کے علاوہ ہر قسم کی زمین میں کامیابی سے کاشت کیا جاسکتا ہے آری کینولا کا وقت کاشت شمالی پنجاب کے لیے 15ستمبر تک جبکہ وسطی اور جنوبی پنجاب کے لیے 15ستمبر سے 15اکتوبر تک ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کاشتکار آری کینولا کے لیے 2کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں اور آری کینولا کو قطاروں میں ایک سے ڈیڑھ فٹ کے فاصلہ پر کاشت کریں جبکہ بیج ایک سے ڈیڑھ انچ کی گہرائی پر ڈرل سے کاشت کریں۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ کاشتکار درمیانی زرخیز زمین کے لیے ایک بوری ڈی اے پی ، ایک بوری یوریا اور ایک بوری پوٹاش فی ایکڑ ڈالیں جبکہ بارانی علاقوں میں تمام کھاد زمین کی تیاری کے وقت ہی ڈال دیں علاوہ ازیں آبپاش علاقوں میں ڈی اے پی اور پوٹاش کی پوری مقدار زمین تیار کرتے وقت اور یوریا دوسرے پانی کے ساتھ ڈالیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آری کینولا کو 3آبپاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے پہلا پانی فصل اگنے کے 20سے 25دن بعد دوسرا پانی پھول نکلتے وقت جبکہ تیسرا پانی بیج بنتے وقت لگائیں اور جب پودے 4پتے نکال لیں تو کمزور پودے اکھاڑ کر پودوں کا درمیانی فاصلہ 9سے15سینٹی میٹر تک کردیں۔ علاوہ ازیں پودوں کی چھدرائی پہلا پانی لگانے سے پہلے ہر صورت مکمل کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں