اسلام آباد (عکس آن لائن)ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کے دوران احتساب عدالت نے نیب کو 2 ہفتوں میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیدیا جبکہ عدالت نے عبوری ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
جمعرات کو جعلی اکاونٹس اسکینڈل اور کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا اور دیگر احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہو ئے ،پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر بھی احتساب عدالت اسلام آباد پہنچے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی اکاونٹس اسکینڈل اور کڈنی ہلز پلاٹس الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی۔سلیم مانڈوی والا اور اعجاز ہارون کی جانب سے بیرسٹر قاسم عباسی نے وکالت نامہ جمع کرا دیا۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ 1 ملزم کی ضمانت بھی ہے جس پر بیرسٹر قاسم عباسی نے کہا کہ جی ملزم اعجاز ہارون نے ہائیکورٹ سے ضمانت لے رکھی ہے۔جج محمد بشیر نے کہا کہ کیا یہ فل ریفرنس ہے کیا؟نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جی یہ مرکزی ریفرنس ہیں۔
جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا اس کیس میں ضمنی ریفرنس بھی دائر کرنا ہے؟نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ اگر ضرورت پڑی تو ضمنی ریفرنس دائر کیا جائیگا۔احتساب عدالت نے نیب کو 2 ہفتوں میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ 2ہفتوں کا ٹائم دے رہے ہیں، مزید جو تفتیش کرنی ہے کریں اور آئندہ سماعت تک ضمنی ریفرنس دائر کر دیں۔عدالت نے عبوری ریفرنس کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 18فروری تک ملتوی کر دی۔