اسلام آباد(عکس آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی پارٹیاں اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے جا رہی ہیں، یہ ذہنی طور پر شکست تسلیم کر چکے ہیں اور الیکشن میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان لاہور میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کررہے ہیں میں بھی ان کے ہمراہ ہوں گا، ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے، ہوسکتا ہے صوبے اور مرکز کے الیکشن اکٹھے ہو جائیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے گورنر کو فضل الرحمان کی رشتہ داری سے زیادہ آئین اور قانون کی طرف دیکھنا ہوگا، سپریم کورٹ نے واضح طور پر الیکشن کمیشن اور خیبر پختونخوا کے گورنر کو الیکشن کی تاریخ دینے کا کہا ہے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری سیاسی طور پر اسے مزید مضبوط اور مقبول بنا دے گی، ملک کے حالات سنگین اور گھمبیر ہوتے جا رہے ہیں، الیکشن ہی واحد حل ہے۔