گوادر (عکس آن لائن) گوادر میں پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی ) نے گوادر کے طلباءکے لیے ایک سالہ مفت ڈپلومہ کورسز کا آغاز کر دیا ہے ۔ یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) کا ایک خصوصی منصوبہ جس کا مقصد ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دینا ہے۔ گوادر پرو کو انٹرویو دیتے ہوئے پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی ) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور احمد نے انکشاف کیا کہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے پیش کیے جانے والے ایک سالہ ڈپلومہ کورسز میں میری ٹائم افیئرز اینڈ پورٹ مینجمنٹ، آئی ٹی، ای کامرس، اور ہوٹل مینجمنٹ شامل ہیں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کورسز کے لیے تقریباً 200 لڑکے اور لڑکیوں نے داخلہ لیا ہے، جو انہیں شیڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی ( ایس آئی سی ٹی )، گوادر یونیورسٹی، گوادر پورٹ اتھارٹی، اور چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی ( سی او پی ایچ سی ) کے تعاون سے ہینڈ آن ایجوکیشن فراہم کریں گے۔گوادر پرو کے مطابق گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر عبدالرزاق صابر نے پاک چائنہ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (پی سی ٹی وی آئی ) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کلاسز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اندراج شدہ طلباءکو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کا عہد کیا، جس کا حتمی مقصد انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ اپنے ہائی ٹیک علم میں اضافہ کر سکیں اور سخت مقابلہ کرنے والی مارکیٹ میں قیمتی اثاثہ بن سکیں۔
گوادر پرو کے مطابق چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی ( سی او پی ایچ سی ) کے چیئرمین یو بو نے پی سی ٹی وی آئی کے ڈپلوموں اور کورسز کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے گوادر کے نوجوانوں کے لیے خاص طور پر خواتین کو گوادر ماسٹر پلان میں بیان کردہ کاروباری سرگرمیوں میں فعال طور پر شامل کر کے ان کی روزگار کے مواقع کھولنے کی کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔