لاہور (عکس آن لائن) قومی ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ کندھے کی انجری مکمل صحتیابی کے بعد بائولنگ شروع کردی۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں مقامی لیگ میچ کے دوران نسیم شاہ کو کندھے کی انجری سے مکمل صحتیابی کے بعد تیز رفتار بائولنگ کرواتے دیکھا جاسکتا ہے۔لیگ میچ کے دوران نسیم شاہ کی گیند پہلے کی طرح سوئنگ کررہے تھے جبکہ ایک اوور میں دو وکٹیں حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔
انسٹاگرام پر نسیم شاہ نے اپنی بائولنگ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کم بیک پر اللہ تعالی کا شکر بھی ادا کیا۔واضح رہے کہ نسیم شاہ ستمبر میں ایشیا کپ 2023میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران زخمی ہوگئے تھے، بعدازاں انہیں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اسکواڈ سے بھی ڈراپ کردیا گیا تھا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے نویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل فاسٹ بولر مکمل صحتیاب ہوچکے ہیں اور ایونٹ میں اپنے بھائی حنین شاہ کے ہمراہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔