لاہور(عکس آن لائن )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز میں میچ ریفری کی ذمہ داریاں نبھانے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ بون کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستان آکر اچھا لگا ہے،سابق آسٹریلوی کرکٹر1987، 1988اور 1992میں بطور کرکٹر بھی یہاں آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ میں رکاوٹ کے لئے گذشتہ 10 سال سے کچھ ایسے مسائل سامنے آئے جو کسی کے قابو میں نہیں تھے۔
ڈیوڈ بون نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیل کی بہتری اور یہاں موجود شائقین کرکٹ کے جوش کو برقرار رکھنے کے لیے کھیلی جانا ضروری ہے۔ آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل میچ ریفری ڈیوڈ بون نے کہا کہ اپنے ملک میں غیرملکی ٹیموں کو کھیلتا دیکھ کرنوجوان کھلاڑی کرکٹ کی طرف راغب ہوتے ہیں۔اپنے 12 سالہ کرکٹ کیریئر میں 107 ٹیسٹ اور 181 ایک روزہ میچوں میں شرکت کرنے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ بون نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل میچوں میں شرکت کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا میں کھیلنے کے لئے اہم مشورے بھی دئیے ہیں۔
ڈیوڈ بون نے کہا کہ آسٹریلیا میں بڑے گرانڈز اور مختلف پچز ہوں گی۔سیریز میں کامیابی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالرز کو گیند کی رفتار اور بانس کو فوقیت دینا ہوگی۔سابق آسٹریلوی کرکٹر نے پاکستانی کھلاڑیوں کو سیریز کے دوران تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپنے مزاج کے مطابق کرکٹ کھیلنے کامشورہ دیا ہے۔