کراچی (عکس آن لائن ) پاکستان میں شوال المکرم کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر آج اتوار کو ہوگی، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ پاکستان میں مطلع صاف تھا، چمن اور پسنی میں چاند نظر آیا، جس کے باعث آج 24 مئی بروز اتوار کو عیدالفطر ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں شوال المکرم کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
اجلاس کا انعقاد محکمہ موسمیات کراچی کمپلکس میں ہوا۔ اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین، زونل کمیٹی ممبران، بحریہ کے ماہرین بھی شریک ہوئے جبکہ تکنیکی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سپارکو کے اراکین بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔ملک بھر میں ڈویڑنل اور زونل رویت کمیٹیوں کو کہیں سے بھی چاند کی شہادت نہیں ملی۔ پسنی، چمن اور جیوانی کے مختلف علاقوں میں چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئی۔زونل رویت ہلال کمیٹی پنجاب کو بھی لاہور سمیت پنجاب بھر میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
جس کے باعث ملک بھر میں عید الفطر اتوار 24 مئی کو مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں اہل اسلام کو عید مبارک کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ پوری اسلامی دنیا ایک ہی دن عید منائے، آج ایک طویل عرصے بعد سعودی عرب، ایران، ترکی، انڈونیشیا، پاکستان اور بنگلہ دیش ایک ہی دن یعنی 24 مء کو عید منائیں گے