اسلام آباد(عکس آن لائن) پاکستان سٹیزن پورٹل کی صورت میں وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کامیابی سے ہمکنار ، اس سلسلے میں مرتب کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال 2019 میں سٹیزن پورٹل پر 16 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل کی سال 2019 کی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران سولہ لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، جن میں ملک سے موصول ہونے والی شکایات کی تعداد 15 لاکھ جب کہ بیرون ملک سے تعداد 93 ہزار ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل نے 14 لاکھ 60 ہزار شکایات کا ازالہ کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب سے 7 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں، خیبر پختون خوا سے 1 لاکھ 95 ہزار، سندھ سے 1 لاکھ 36 ہزار، بلوچستان سے 15 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔سب سے زیادہ شکایات میونسپلٹی، توانائی اور تعلیم کے شعبے سے متعلق موصول ہوئیں، پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی پر 40 فی صد لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 28 اکتوبر 2018 کو پاکستان سٹیزن پورٹل کا افتتاح کیا تھا، وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں حکومت عوام کو جواب دہ ہوگی، اس نظام کے تحت صوبوں کے معاملات پر بھی نظر رکھی جا سکے گی۔