واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکا کے سابق سیکریٹری دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مشترکہ مفادات یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ دونوں ممالک معمولی توقعات کے ساتھ محتاط انداز میں تعلقات برقرار رکھیں۔اپنی سوانح حیات” کال سائن چاس “میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے سیکریٹری دفاع نے لکھا کہ نئی دہلی کے ساتھ پیچیدہ تعلقات نے اسلام آباد کو کابل میں دوستانہ حکومت کی خواہش پر مجبور کیا۔اپنی سوانح حیات میں امریکا اور پاکستان کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ بلآخر یہ ہمارا مشترکہ مفاد ہے کہ ہم تعاون کی معمولی توقعات کے ساتھ اپنے محتاط تعلقات برقرار رکھیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ اپنے مسائل کو حل کر سکتے ہیں لیکن انہیں حل کرنے کے لیے ہمارا اختلاف بہت گہرا اور بھروسہ بہت کم ہے، اور یہی آج کل ہمارے تعلقات کی حالت ہے۔اپنی کتاب کی رونمائی کے دوران انہوں نے امریکی کونسل برائے خارجہ امور کے بحث و مباحثے میں بھی حصہ لیا جہاں ان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنی کتاب میں پاکستان کو سب سے خطرناک ملک کیوں لکھا؟انہوں نے جواب میں پاکستان میں بنیاد پرستی کو ہی پاکستان کے سب سے خطر ناک ملک ہونے کی وجہ قرار دیا۔اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے جیمز میٹس نے کہا کہ جب آپ بنیاد پرستی کو لیتے ہیں اور اس میں دنیا کی سب سے تیزی سے ایٹمی ہتھیار بنانے والی صلاحیت کو شامل کرتے ہیں تو میرا خیال ہے کہ ہم یہ دیکھیں گے کہ آخر کیوں ہم ہتھیاروں کے کنڑول اور جوہدری ہتھیاروں کے عدم پھیلا کی بات کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک بہت ہی خطرناک مسئلہ ہے جس کے بارے میں شاید ہی کوئی لکھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات بہت پیچیدہ رہے ہیں۔
اپنی کتاب میں متعدد مرتبہ جیمز میٹس نے پاکستان اور امریکا کے عسکری تعلقات پر روشنی ڈالی تاہم انہوں نے دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے بارے میں کم اظہار رائے کیا۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جسے اپنی پیدائش سے ہی اپنے آپ سے کوئی محبت نہیں تھی، اور سیاست میں خود کو تباہ کرنے کا ایک سلسلہ چلتا رہا ہے۔جیمز میٹس کا اپنی کتاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ایسی لیڈرشپ ہی موجود نہیں ہے جو قوم کے مستقبل کے بارے میں سوچے۔پاکستان کی بھارت کے لیے پالیسی سے متعلق اپنی کتاب میں امریکا کے سابق سیکریٹری دفاع نے لکھا کہ پاکستان اپنے پڑوسی بھارت کے ساتھ اپنی دشمنی کی بنیاد پر تمام جغرافیائی سیاست کو دیکھتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے لیے اپنی پالیسی بھی اس تناظر میں ترتیب دی ہے جبکہ اسلام آباد کابل میں ایک حامی حکومت چاہتا ہے جو افغانستان میں بھارتی اثر و رسوخ کے خلاف مزاحمت کرے۔جیمز میٹس نے اعتراف کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران افغانستان میں نیٹو کے ہلاک فوجیوں کی تعداد سے زیادہ اپنی مغربی سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے پاکستانی فوجی شہید ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سوچتا ہے کہ وہ دہشت گردی کو کنٹرول یا پھر ان کے ساتھ جوڑ توڑ کرسکتا ہے، تاہم دہشت گردی وہ بیج ہے جو ایک دفعہ بو دیا جائے تو جب وہ پھلتا پھولتا ہے تو اسے نہ صرف پاکستان کی خفیہ سروس بلکہ دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں روسکتی۔