لاہور( عکس آن لائن)سابق وزیر خزانہ و مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ نوازشریف نے جنرل باجوہ اور جنرل فیض اور دیگر کے احتساب کا معاملہ 2017ء میں ہی اللہ پر چھوڑ دیا تھا، نوازشریف کی اصل سوچ یہی ہے ہمارے پاس دو راستے ہیں کہ ملک ٹھیک کریں یا اپنے حساب برابر کرنے میں لگ جائیں ، قوم کی بہتری اور پاکستان کی ترقی نوازشریف کی ترجیح ہو گی ۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ قوم نوازشریف کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہے ،وطن واپسی پرنوازشریف کے جیل جانے کا امکان نہیں، سب کوپتہ ہے ان پر فراڈ کیسز بنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو بہتر کرنے میں نوازشریف کا ٹریک ریکارڈ ہے،انہوں نے ملک سے اٹھارہ ،اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ختم کی، دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی،عوام نے موقع دیا تو نوازشریف دوبارہ ملک سے اندھیرے دوراوردہشتگردی ختم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف چوتھی مرتبہ وزیراعظم کے امیدوارہیں، وطن واپسی پران کو جیل جانے کی ضرورت نہیں ہو گی،قوم جانتی ہے یہ فراڈ کیس ہے،قوم نے ڈرامے کی بھاری قیمت چکائی،نوازشریف کا بیانیہ معاشی بحالی اوردہشتگردی کاخاتمہ ہو گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی مکافات عمل کا شکار ہیں،فرعونیت اوربڑے بول کایہی انجام ہوتاہے ۔