کراچی(عکس آن لائن)پاکستان کے سابق بلے باز فیصل اقبال بھی مصباح الحق کو کیمپ کمانڈنٹ کے بعد بیک وقت ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے پر پھٹ پڑے۔
اس سے قبل بولنگ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دینے والے جلال الدین نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔بیٹنگ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دینے والے فیصل اقبال نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے سوچا تھا نیا پاکستان میرٹ سے بھرپور ہوگا، لیکن یہاں کچھ بھی نہیں بدلا۔جلال الدین نے بھی بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے بولنگ کوچ کے عہدے کیلئے درخواست دی تھی، میں اس عہدے کے قابل تھا اور میں نے تمام لوازمات بھی پورے کئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین تھا بورڈ اس عہدے کیلئے میرے نام پر ضرور غور کرے گا لیکن حیران کن طور پر مجھے بورڈ کی جانب سے کوئی جواب تک موصول نہ ہوا۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کا خیال ہے کہ بورڈ نے معاملے کو پروفیشنل طریقے سے سرانجام نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ بورڈ کو تمام امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلانا چاہیئے تھا اور عدم سلیکشن کے حوالے سے انہیں آگاہ بھی کرنا چاہیئے تھا۔جلال الدین نے یہ بھی شکوہ کیا کہ بورڈ اپنے زیر نگرانی پروان چڑھنے والے لوکل کوچز کو بھی نظرانداز کررہا ہے۔