کراچی (عکس آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ نے اینکر مرید عباس اور خضر حیات قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے پر فریقین سے 24 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔ انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کےخلاف مرید عباس کی اہلیہ زارا عباس نے چند دن قبل ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ، ملزمان و دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ملزم عاطف زمان نے خضرحیات کو کراچی کے پوش علاقے میں سڑک پر فائرنگ کرکے قتل کیا جب کہ مرید عباس کو دفتر میں فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس نے وقوعہ کو دہشت گردی قرار دیا۔درخواست میں کہا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ سا وتھ نے بھی دلائل سننے کے بعد کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی پولیس کی درخواست منظور کی تھی لیکن انسداد دہشت گردی عدالت نے حقائق کو نظر انداز کرکے کیس سے اے ٹی سی کی دفعات ختم کر دیں۔درخواست میں مزید لکھا گیا کہ عاطف زمان نے دونوں کا قتل کرکے شہر میں خوف و ہراس پھیلایا لہذا اے ٹی سی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے کر مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلانے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا ہے