لاہو ر(عکس آن لائن) سابق وزیراعلی پنجاب پرویزالٰہی کے پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی بازیابی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا گیا۔عدالت نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 6 مارچ کو جواب سمیت طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چوہدری نے ساجد احمد بھٹی کی درخواست پر چیمبر میں سماعت کی۔درخواست گزار کی جانب سے صفدر حیات بوسال ایڈووکیٹ سمیت دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔دائر درخواست میں ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد خان بھٹی کو گزشتہ روز کوئٹہ سے گرفتار کیا گیا، اطلاع کے مطابق اینٹی کرپشن نے تسلیم کیا کہ محمد خان بھٹی کی گرفتاری کے لئے 4 رکنی ٹیم بھجوائی گئی، 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود کوئی اطلاع نہیں کہ محمد خان بھٹی کو کہاں رکھا گیا۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت محمد خان بھٹی کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کرنے کا حکم دے۔