فیصل آباد(عکس آن لائن ) ماہرین زراعت نے پنجاب کے شمالی علاقوں میں 31اکتوبر اور جنوبی علاقوں میں 15نومبر تک کینولا سرسوں کی کاشت مکمل کرنے کا مشورہ دیا ہے اور کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شمالی علاقوں میں رواں ماہ کے دوران کینولا سرسوں کی کاشت شروع کر کے 31اکتوبرتک جبکہ جنوبی علاقوں میں 15اکتوبر سے شروع کر کے 15نومبر تک مکمل کر سکتے ہیں ۔
انہوں نے بتایاکہ کینولا سرسوں کی بہترین پیداوار کے حصول کیلئے منظور شدہ اقسام رین بو ، بائیولا 401، بائیولا43، اباسین ، بلبل ، کینولا رایا، پاکولا وغیرہ کاشت کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ چونکہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی آبادی کے باعث خوردنی تیل کی طلب میں بھی زبر دست اضافہ ہوتا جا رہاہے لہٰذاکم پیداوار کے باعث ہر سال اربوں روپے کا تیل درآمد کرنا پڑتا ہے جس سے ملکی خزانے پر اضافی بوجھ بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار روغنی اجناس کی زیادہ سے زیادہ کاشت کو یقینی بنائیں تاکہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد مل سکے۔