لاہور(عکس آن لائن )صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ اگلے دو سے ڈھائی ماہ کے دوران لاہورمیں ایک سو مثالی سکول قائم کئے جائیں گے۔ آبادی کے پیش نظر یہاں ایک ہزار سکولوں کی ضرورت ہے۔
یہ ہدف بھی جلد حاصل کیا جائیگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی اراکین واصف یوسف اور ذیشان سہیل ملک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں 100سکولوں کے علاوہ اگلے سال اپریل یا مئی تک گیارہ اضلاع میں 110مزید ماڈل سکول قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی طرف خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ پنجاب میں چار لاکھ اساتذہ کی ٹرانسفر و پوسٹنگ کو شفاف بنانے کیلئے ایپ متعارف کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے تیس سے پینتالیس دن میں اساتذہ کے لیے نیا ٹریننگ پروگرام متعارف کرایا جارہا ہے، چارسو ماسٹر ٹرینرز کو بیرون ملک بھجوایا جائیگا جو واپس آکر چھتیس اضلاع میں اساتذہ کو جدید ٹریننگ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی سلسلہ منقطع کرنے والے بچوں کو سکول واپس لانا حکومت کی ترجیح ہے، سہولیات دیکر بائیس اضلاع میں ایسے اکیس ہزار بچوں کو واپس سکول لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی سے پرائمری تک تعلیم قومی زبان میں ہوگی جبکہ انگریزی کو بطور مضمون پڑھایا جائیگا۔
لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خاص توجہ دے، ہنرمند افرادی قوت کی برآمد کے ذریعے بیرون ملک سے ترسیلات کو تیس ارب ڈالر سے بھی زیادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تعلیمی نصاب یکساں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت، تعلیم، پُر امن اور سازگار ماحول کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں یکساں تعلیمی نظام کے فقدان کی وجہ سے بہت سے تعلیمی مسائل جنم لے چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بہت سے سرکاری سکولوں میں قابل اساتذہ کی کمی ہے،جن سے پڑھ کر طلباء کو نوکری کے حصول میں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی میں اساتذہ کا کردار نا قابل فراموش ہے لہذا ان کی تربیت اور سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم مرادراس کی صوبے میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کو سراہتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید کا اظہار کیا کہ ہماری مشترکہ کوششوں سے صورتحال میں بہتری آئے گی۔