اسلام آ باد (عکس آن لائن ) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اراکین اسمبلی کی تفصیلات جاری ، سنی اتحاد کونسل کے ارکان قومی اسمبلی کو آزاد ارکان قرار دیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آزاد ارکان کو سنی اتحاد کونسل کے ارکان ماننے سے بھی انکار کر دیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے آزاد ارکان کو تحریک انصاف کا حمایت یافتہ تسلیم کرلیا، سرکاری دستاویز میں آزاد ارکان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ قرار دیا گیا۔
پشاور ہائیکورٹ فیصلے کی روشنی میں سنی اتحاد کونسل میں شامل ہونا تسلیم نہیں کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق ایوان میں حکمران اتحاد کی تعداد 226 اور اپوزیشن ارکان 102 ہیں، پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد،ایم ڈبلیو ایم اور پشتونخواہ میپ کے 90 ارکان عمر ایوب کے حمایتی ہیں، جے یو آئی کے 11 اور بی این پی مینگل کے ایک رکن نے تاحال حمایت نہیں کی۔ واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے 336 ارکان میں سے اب تک 328 ارکان حلف اٹھا چکے ہیں، جے یو آئی اور بی این پی مینگل نے اپنا امیدوار لانے کے لئے بھی درخواست نہیں دی۔