قومی اسمبلی

قومی اسمبلی ،اسلام آباد ایئرپورٹ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر بحال کرنے کی قرارداد کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ عکس)قومی اسمبلی نے اسلام آباد ایئرپورٹ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر بحال کرنے کی قرارداد کی منظوری دیدی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں متعلقہ قواعد معطل کرکے تحریک پیش کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا کہ اس ایوان کی رائے ہے کہ سابق حکومت نے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرکے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کردیا تھا، یہ ایوان 1973 کے آئین اور بھٹو خاندان کی ملک کے لئے دیگر قربانیوں کی قدر کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے نام پر بحال کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوری دے دی۔

گھریلو تشدد (تدارک و تحفظ)بل 2021 سینٹ کی جانب سے ترامیم کے ساتھ منظور کردہ صورت میں قومی اسمبلی کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ا س سلسلے میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ نے تحریک پیش کی کہ گھریلو تشدد سے خواتین اور بچوں اور کسی بھی کمزور شخص کو تحفظ، ریلیف اور بحالی کے موثر نظام کے قیام کا بل گھریلو تشدد (تدارک و تحفظ)بل 2021 سینٹ کی جانب سے ترامیم کے ساتھ منظور کردہ صورت میں قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا جائے تاکہ اس بل کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکل 227 کے مطابق بنایا جائے۔ قومی اسمبلی نے تحریک کی منظوری دیدی اور بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔اجلاس کے دور ان پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز)میں خالی آسامیوں پر پروفیسر ڈاکٹر اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز ڈاکٹرز کی عدم تقرری سے متعلق معاملہ قومی اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا اس ضمن میں عالیہ کامران، محمد انور، جام عبدالکریم بجار اور طاہرہ اورنگزیب کے توجہ مبذول نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری شازیہ ثوبیہ نے ایوان کو بتایا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کی واپسی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، اس ایکٹ کی واپسی کے بعد پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پمز ہسپتال کی خالی آسامیوں پر بھرتی شروع کی جائے گی۔ ڈپٹی سپیکر نے اس ضمن میں معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں