کراچی (کامرس رپورٹر)ملک میں جاری غیر یقینی صورتحال نے معاشی ابتری کو عروج پر پہنچا دیا ہے اور مسلسل تیسرے ہفتے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد وشمار جاری کر دیے ہیں جس میں مسلسل تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی بلند پروازی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادارہ شماریات کے ہفتہ وار بنیادوں پر جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگای کی شرح میں 1.42 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ادارہ شماریات کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے 33 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئی ہیں جب کہ صرف 4 اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلہ مزید 54 روپے 62 پیسے مہنگا ہوکر ایک ہزار 425 روپے کا ہوگیا، زندہ مرغی کی قیمت میں فی کلو 28 روپے 26 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، بکرے کا گوشت 6 روپے 67 پیسے اور گائے کا گوشت 5 روپے 84 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
دال مسور14 روپے 88 پیسے، دال چنا6 روپے 54 پیسے، دال ماش5 روپے 18 پیسے، دال مونگ ایک روپے 63 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔اسی مدت میں انڈے 6 روپے 28 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے، باسمتی چاول کی قیمت میں 3 روپے 27 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔اس کے علاوہ دودھ، دہی، چینی، گھی، چائے اور لہسن بھی مہنگا ہوا۔جن 4 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں رواں ہفتے کمی ہوئی ہے ان میں کیلے 3 روپے 58 پیسے فی درجن سستے ہوئے جب کہ ٹماٹر، آلو اور گڑ کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔