وزیرداخلہ

عمرانی ٹولے نے جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، عدلیہ کی توہین، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، وزیر داخلہ

ساہیوال (عکس آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ عمرانی ٹولے نے آج جوڈیشل کمپلیکس پر حملہ کیا، عدلیہ کی توہین، توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے گا، توشہ خانہ کیس میں بھی عدالت نے بار بار طلبی کے باوجود عدم پیشی پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، پوری قوم کو اس سارے معاملے پر تشویش ہے کہ اس فتنے کو کس طرح سے سپیشل ٹریٹمنٹ دیا جا رہا ہے۔

وہ منگل کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ مسلم لیگ (ن )کے رہنما طلال چوہدری اور عظمی بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بدبخت عمرانی ٹولے نے جوڈیشل کمیشن اسلام آباد پر حملہ کیا ہے، گیٹ توڑ کر داخل ہوئے ہیں، سی سی ٹی وی کیمرے توڑے گئے ہیں، جوڈیشل کمیشن میں غنڈہ گردی کی گئی ہے، جوڈیشل کمیشن بطور ادارے کی توہین کی گئی ہے، توڑ پھوڑ کرنے، عدلیہ کی عزت و تکریم کو سبوتاژ کرنے پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جو بھی اس میں ملوث ہے اسے گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اس سارے معاملے پر تشویش ہے کہ اس فتنے کو کس طرح سے سپیشل ٹریٹمنٹ دیا جا رہا ہے،

پہلی دفعہ ایسا ہو رہا ہے کہ عدالتوں میں پیشیوں کا ٹائم ملزم خود مقرر کر رہا ہے، دوسری طرف ایک عام آدمی چند منٹ تاخیر پر پہنچے تو اسے سزا دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج توشہ خانہ کیس میں پہلے نو بجے، پھر 11 بجے اور پھر عمران خان پیش ہی نہیں ہوئے جس پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قانون کا احترام نہ کرنے، غنڈہ گردی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے جا رہے ہیں، اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، عوام الناس کو یقین دلاتا ہوں کہ قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں