اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور زیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
اپنے بیان میں صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا ۔صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات ، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا ء کی ۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع پشین کے علاقے خانو زئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی شدید مذمت کی ۔ وزیراعظم نے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔
وزیراعظم نے دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ۔وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں وزیراعظم نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے واقعات کی رپورٹ طلب کر لی ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاڑ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا ۔
نگران وزیر اعظم نے کہاکہ حکومت عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے پر عزم ہے ۔وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علما اسلام ف کے دفتر کے باہر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ شہدا کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ الیکشن سے پہلے شرپسند افرا تفری کا عالم پھیلانا چاہتے ہیں اور عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ دشمن کے مزموم عزائم کو کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردوں کا کے نہتے شہریوں پر وار انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔